Saturday, 21 January 2017

اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین دربارِ عالیہ حضرت سخی سلطان باھو ؒ برانچ ضلع ہری پور کی جانب سے ایک عظیم الشان پروگرام میلادِ مصطفےٰﷺ و حق باھو کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت حضور جانشین سلطان الفقر سرپرست اعلیٰ اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین حضرت سخی سلطان محمدعلی صاحب مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ شہزادہ سلطان الفقر حضور حضرت سخی سلطان احمد علی صاحب مدظلہ الاقدس نے فرمایا کہ ہم جو کام بھی کریں اس کا مطمعِ نظر اللہ اور اس کے رسول پاکﷺ کی رضا اور خوشنودی کو حاصل کیا جائے۔ اللہ تعالی کی توجہ کا مرکز خود رسالت مآب ﷺ کی ذاتِ اقدس ہے۔ فرمانِ باری تعالیٰ ہے۔ قد نریٰ تقلب وجھک فی السماء ترجمہ: ’’آپ ﷺ کا آسمان کی جانب چہرہ فرمانا خدا تعالیٰ دیکھ رہا ہے‘‘ حدیث قدسی میں ارشاد فرمایا! ’’اگر آپ کو پیدا نہ فرماتا تو افلاک کو پیدا نہ فرماتا‘‘۔ مزید ارشاد فرمایا! ’’اگر آپ کو پیدا نہ فرماتا تو اپنی ربوبیت کا اظہار نہ فرماتا‘‘۔ صحابہ اکرام کی توجہ کا مرکز خود حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ اقدس ہے۔ حضرت عمرِ فاروقؓ حجرِ اسود کو بوسہ دینے سے پہلے فرمایا! ’’میں جانتاہوں کہ تو پتھر ہے اگر میرے آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام نے تجھے بوسہ نہ دیا ہوتا تو میں تمہیں کبھی بھی بوسہ نہ دیتا‘‘۔ آج ہمارے مسائل کا واحد حل آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کی محبت اور غلامی اور فرمانبرداری میں ہے۔ پروگرام میں سیاسی و سماجی شخصیات کی کافی تعداد کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے حضور جانشین سلطان الفقر سرپرستِ اعلیٰ اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کے دستِ مبارک پہ بیعت کا شرف حاصل کرکے سلسلہ عالیہ قادریہ میں شمولیت اختیار کی۔آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائے خیر فرمائی گئی۔








No comments:

Post a Comment