Wednesday, 18 January 2017

اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین دربار عالیہ حضرت سخی سلطان باھُو ؒ برانچ ضلع لیہ کی طرف سے ایک عظیم الشان پروگرام میلاد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و حق باھُوؒ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جسکی صدارت حضور جانشین سلطان الفقر سرپرست اعلیٰ اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین حضرت سخی سلطان محمد علی صاحب مد ظلہ الاقدس نے فرمائی۔ خصوصی خطا ب کرتے ہوئے چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ شہزادہ سلطان الفقر حضور حضرت سخی سلطان احمد علی صاحب نے فرمایا کہ قرآن پاک کی صرف تلاوت باعث اجر ضرور ہے مگر قرآن پاک کے احکامات کو عملی جامہ پہنایاجائے۔ہماراسب سے بڑا المیہ ہی ہے کہ ہمارا تعلیم کے ساتھ تعلق نہیں اگر ہے تو اسے اپنے اوپر نافذ کرنے سے ہم قاصر ہیں اسلام کا آغاز ہی علم سے ہوتا ہے تمام انبیاء کرام علیھم السلام بنیادی طور پر معلم تھے آقا علیہ السلام نے اعلان نبوت کے بعد تئیس برس تعلیم ہی تو فرمائی ہے اور حضور رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ والد کا اپنی اولاد کیلئے سب سے اچھا تحفہ اور سب سے افضل تحفہ یہ ہے کہ وہ اسے حسن ادب کی تعلیم عطا کرتا ہے اور دوسرے مقام پر حضرت ابو رافع رضی اللہ عنہ سے روایت ہے عرض کی کہ جس طرح والد کا بچوں پہ حق ہے اسی طرح بچوں کا بھی والد کے اوپر کوئی حق ہے؟ "قال نعم حق الولد علی الوالد ان یعلمہ الکتابۃ" اولاد کا والدین پر یہ حق ہے کہ والدین انکو لکھنے کی تعلیم عطا فرمائیں وہ انکو تیر اندازی سکھائیں اور انکو حلال مال کا وارث بنائے۔آپ ﷺ کے بعد اولیاء کاملین اور صوفیاء کرام نے اسی طریق کو اپنا کر اپنے حلقہ احباب کی تربیت فرمائی اور باالخصوص غوث الثقلین حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے دس ایسی چیزوں کا ذکر فرمایا کہ اگر انکو اپنا لیا جائے تو دنیا و آخرت کی فلاح آدمی کا مقدر بن جائے ۱)کسی بھی حالت میں اللہ کی قسم نہ اٹھاؤ ۲)جھوٹ بولنے کی عادت کو ترک کرنا ۳)جب بھی کسی سے وعدہ کرے تو اسے پورہ کرے ۴)مخلوق میں سے کسی کو لعنت نہ کرے ۵)کسی بھی اہل قبلہ میں سے آدمی پر کفر و شرک کا فتویٰ نہ لگائے ۶)بددعا نہ کرنا ۷)ظاہراََ باطناََ اپنی آنکھوں کی حفاظت کرے بے حیائی سے انھیں محفوظ کرے ۸)جو جرم اس نے کیا اپنے تک رکھے کسی دوسرے پر اسے نہ ڈالے ۹)طمع کو ترک کردے ۱۰)عاجزی و انکساری کو اختیار کرے اگر غور کریں اور انھیں نافذ العمل کریں تو دارین کی سعادت کوحاصل کیا جاسکتا ہے۔پروگرام میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور حضور جانشین سلطان الفقر کے دست مبارک پر بیعت کا شرف حاصل کیااور پروگرام کے آخر میں آنے والے تمام مہمانان گرامی کیلئے اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا فرمائی۔








No comments:

Post a Comment