Wednesday, 29 March 2017

اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین دربار عالیہ حضرت سخی سلطان باھُو برانچ کراچی کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔جسکی صدارت حضور جانشین سلطان الفقر سرپرستِ اعلیٰ اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین حضرت سخی سلطان محمد علی صاحب مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ شہزادہ سلطان الفقر حضرت سخی سلطان احمد علی صاحب نے فرمایا: انسان کے وجود میں جو لطیف چیز ہے وہ دل ہے حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے انسانوں کے دلوں کو زندہ فرمایا جس سے وہ زندہ و تابندہ ہوگئے ۔ آقا علیہ الصلوۃ والسلام نے انسانوں کی تنظیم نو فرمائی جس کے نتیجے میں انھیں آپس میں جوڑ دیا گیا ۔معاشر ے میں کسی انسان کو لے لیں،مثلاََ یتیم کو لے لیں تو نبوت و ولایت کے بعد اسے عظیم قرار دیا گیا۔اور آقا علیہ الصلوۃ والسلام نے اس کی اہمیت کو واضح فرمایا اور یتیم کے مال کی اور آبرو کی حفاظت کا حکم خود پروردگارعالم نے قرآن میں ذکرکیا اور فرمایا: "والا تقربو ا مال الیتیم " ترجمہ:"اور یتیم کے مال کے قریب مت جاؤ۔" اور حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے بطور خاص سات چیزو ں سے بچنے کا حکم فرمایا۔ 1:شرک سے 2:جادو سے 3:ناحق قتل سے 4:سود کھانے سے 5:یتیم کے مال کو کھانے سے 6:جہاد میں کفار کے سامنے پیٹھ پھیر کے بھاگنے سے 7:اور پاکدامن پر تہمت لگانے سے اور یتیم پروری کے فضائل اور اہمیت کا ذکر فرمایا ۔اور فرمایا جس نے تین یتیموں کی کفالت کی اس کا اجر راتوں کی عبادت دن کے روزے اور جہاد فی سبیل اللہ کے برابر اجر عطا فرمایا جائے گا۔یہ حکم اس لئے دیا گیا تاکہ انسان ایک دوسرے کے ساتھ جڑجائیں۔ پروگرام میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی کثیر تعداد میں میڈیا، پروفیسرز اور نوجوانوں کی بہت تعداد تھی اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے حضور جانشین سلطان الفقر ششم سرپرستِ اعلیٰ اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کے دست مبارک پہ بیعت کا شرف حاصل کیا اور آخر میں ملک و قوم اور ملت اسلامیہ کیلئے دعائے خیر فرمائی گئی۔

No comments:

Post a Comment